بیدر۔20/اکتوبر۔کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیدر کے قائد اور محمد جمیل الدین نے بیدرضلع کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا محتاط استعمال کریں اور اس قیمتی قدرتی وسیلے کے ضیاع کو روکنے میں اپنا تعاون پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ نلوں اور بورویلوں کے پانی کا غیر ضروری استعمال، نل کھلا چھوڑنا، سڑکوں پر پانی بہانا اور واشنگ سینٹروں میں پانی ضائع کرنا قابلِ تشویش ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ پانی صرف ضرورت کے مطابق استعمال کریں اور دوسروں کو بھی اس کی اہمیت سے واقف کروائیں۔محمد جمیل الدین نے ضلع انتظامیہ اور سٹی میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا کہ پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے، پائپ لائنوں اور بورویلوں سے پانی کے ضیاع کو روکنے اور شہر کے تمام علاقوں میں باقاعدہ پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت سے بچنے کے لیے عوامی بیداری کے ساتھ انتظامیہ کی سنجیدہ کوششیں بھی ضروری ہیں۔
