ہاویری: کرناٹک کے ضلع ہاویری میں گنا کا مناسب نرخ مقرر کرنے کے مطالبے پر کئی روز سے جاری کسانوں کا احتجاج بدھ کی علی الصبح ختم ہوگیا۔ ضلع انتظامیہ، کسان نمائندوں اور شکر کارخانوں کے مالکان کے درمیان تقریباً 14 گھنٹے تک جاری رہنے والی طویل مذاکراتی نشست کے بعد گنے کا عبوری نرخ 3,225 روپے فی ٹن مقرر کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق شکر کارخانوں نے طے شدہ نرخ پر گنا خریدنے سے اتفاق کیا ہے۔کسانوں نے گنے کے لیے فی ٹن 3,500 سے 3,600 روپے نرخ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ شکر کارخانوں کے مالکان نے ابتدا میں 3,100 سے 3,150 روپے فی ٹن ادا کرنے کی پیش کش کی تھی۔ طویل مذاکرات کے بعد طے پانے والا 3,225 روپے فی ٹن کا نرخ کسانوں کے مطالبے سے کم، تاہم کارخانوں کی ابتدائی پیش کش سے زیادہ ہے۔مذاکرات کے دوران کئی گھنٹوں تک تعطل برقرار رہا۔ احتجاجی کسانوں نے ڈپٹی کمشنر دفتر کے سامنے جمع ہوکر اپنے ٹریکٹر کھڑے کردیے اور واضح کردیا کہ جب تک گنے کا نرخ طے نہیں ہوتا، وہ وہاں سے نہیں ہٹیں گے۔ دوسری جانب شکر کارخانوں کے نمائندوں کا موقف تھا کہ اگر گنے کی قیمت میں مزید اضافہ کیا گیا تو کارخانوں کے لیے مالی طور پر اپنا کاروبار جاری رکھنا دشوار ہوجائے گا۔گنا کا عبوری نرخ طے ہونے کا اعلان گنا کاشتکاروں کی بہبود انجمن کے صدر چونپا پوجاری نے رات تقریباً 2:30 بجے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں نے مجبوری کے تحت 3,225 روپے فی ٹن کے نرخ کو عبوری طور پر قبول کیا ہے، تاہم یہ فیصلہ مستقل نہیں ہے اور اگر شکر کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو گنے کے نرخ پر بھی نظرثانی کی جاسکتی ہے۔پوجاری نے کہا کہ شکر کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ گنا کاشتکاروں کو بھی ان کی پیداوار کا مناسب اور متناسب معاوضہ ملنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسانوں کو اپنی پیداوار اپنی پسند کے کسی بھی شکر کارخانے کو فروخت کرنے کی آزادی حاصل رہے گی۔ریاست کے وزیر برائے شکر رودرپا لمانی نے بتایا کہ طویل مذاکرات کے بعد تین شکر کارخانوں نے طے شدہ نرخ پر اتفاق کیا ہے۔ معاہدے کے تحت کارخانوں نے گنے کی شفاف تول اور شکر کی بازیابی کی شرح (ریکوری) کے مطابق ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے وزن کی مشینیں (وی برج) اور شکر ریکوری جانچنے والی مشینیں نصب کرنے کا بھی عہد کیا ہے۔اگرچہ کسانوں نے فی الحال احتجاج معطل کردیا ہے، تاہم کسان رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ شکر کی قیمتوں اور بازار کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بازار میں حالات سازگار ہوئے اور شکر کی قیمتوں میں بہتری آئی تو گنے کے نرخ میں اضافے کے لیے دوبارہ مطالبہ کیا جائے گا۔
