Skip to main content

Falcon BPN News

📅
تاریخ لوڈ ہو رہی ہے...

بیدر کے سرکاری اردو اسکولوں کی زبوں حالی! بنیادی سہولتوں سے محروم طلبہ، محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر سنگین سوالات

ضلع بیدر میں سرکاری اردو اسکولوں کی بنیادی سہولتوں کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ ایک طرف حکومت سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم، جدید تعلیمی وسائل اور بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے دعوے کر رہی ہے، تو دوسری جانب اردو ذریعۂ تعلیم کے اسکولوں میں عمارتوں، جماعتی کمروں، پینے کے پانی، بیت الخلاء، برقی سہولتوں اور ضروری تعلیمی وسائل کی دستیابی سے متعلق کئی سوالات سامنے آرہے ہیں۔ املاپور اور منہلی کے سرکاری اردو پرائمری اسکولوں میں نئے جماعتی کمروں کی تعمیر کا آغاز یقیناً خوش آئند قدم ہے، لیکن یہ پیش رفت اس بنیادی سوال کو بھی جنم دیتی ہے کہ ضلع کے دیگر سرکاری اردو اسکولوں کی حالت کیا ہے اور وہاں زیرِ تعلیم طلبہ کو بنیادی سہولتیں کب فراہم کی جائیں گی؟ کرناٹک قانون ساز کونسل میں پیش کردہ 2024-25 کے ضلعی سطح کے اسکولی اعداد و شمار کے مطابق بیدر ضلع کے 1,344 اسکولوں میں لڑکوں کے بیت الخلاء کی سہولت 1,227 اسکولوں میں جبکہ لڑکیوں کے بیت الخلاء کی سہولت 1,284 اسکولوں میں درج کی گئی ہے۔ اس حساب سے 117 اسکولوں میں لڑکوں اور 60 اسکولوں میں لڑکیوں کے بیت الخلاء کی سہولت درج نہیں ہے۔ یہ اعداد و شمار ضلع کے تمام اسکولوں سے متعلق ہیں، صرف اردو اسکولوں سے نہیں، تاہم یہ صورتِ حال ضلع میں بنیادی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے سنجیدہ جائزے کی ضرورت کو واضح کرتی ہے۔ وزارتِ تعلیم کے پارلیمنٹ میں پیش کردہ UDISE+ 2024-25 کے اعداد و شمار بھی ریاستی سطح پر مکمل سہولتوں کی عدم دستیابی کی نشان دہی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کرناٹک کے سرکاری اسکولوں میں 95.8 فیصد اسکولوں میں لڑکوں کے بیت الخلاء، 98.8 فیصد میں لڑکیوں کے بیت الخلاء، 99.9 فیصد میں پینے کے پانی، 98.9 فیصد میں بجلی، 87.8 فیصد میں ریمپ اور 82 فیصد میں کھیل کے میدان کی سہولت موجود ہے۔ یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ ریاست میں بھی بنیادی سہولتوں کی صد فیصد دستیابی کا ہدف ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ تاہم ضلع بیدر کے اردو اسکولوں کی حقیقی صورتِ حال جاننے کے لیے ضروری ہے کہ محکمۂ تعلیم اردو ذریعۂ تعلیم کے تحت چلنے والے تمام سرکاری پرائمری اور ہائی اسکولوں کا الگ اور جامع سروے کروائے۔ اس سروے میں اسکول وار طلبہ کی تعداد، دستیاب جماعتی کمروں، خستہ حال عمارتوں، اساتذہ کی منظورہ اور خالی جائیدادوں، پینے کے پانی، لڑکوں اور لڑکیوں کے علیحدہ بیت الخلاء، بجلی، پنکھوں، فرنیچر، کمپیوٹر اور لائبریری جیسی سہولتوں کی تفصیلات جمع کی جائیں اور انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔یہ بھی ضروری ہے کہ جن اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کے تناسب سے جماعتی کمرے ناکافی ہیں، وہاں نئے کمروں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے۔ جن عمارتوں کی حالت مخدوش ہے، ان کی فوری مرمت کی جائے اور جہاں بیت الخلاء یا پینے کے پانی کی سہولت دستیاب نہیں، وہاں ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کیے جائیں۔ محض سرکاری ریکارڈ میں کسی سہولت کی موجودگی کافی نہیں، بلکہ اس کا قابلِ استعمال ہونا اور طلبہ کو عملاً فائدہ پہنچانا بھی ضروری ہے۔ضلع انچارج وزیر، ضلع کے تمام اراکین اسمبلی، ضلع پنچایت کے ذمہ داران اور محکمۂ تعلیم کے اعلیٰ افسران کو چاہیے کہ وہ اردو اسکولوں کا زمینی جائزہ لیں۔ خصوصاً بیدر، بھالکی، ہمناآباد، اوراد، بسواکلیان اور دیگر تعلقہ جات کے اردو اسکولوں کی ضروریات کا الگ الگ جائزہ لے کر ترقیاتی منصوبے تیار کیے جائیں۔ اسکولوں کی بنیادی ضروریات کے مطابق فنڈس مختص کیے جائیں اور منظور شدہ تعمیری کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اردو ذریعۂ تعلیم کے اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچے بھی کرناٹک کے مستقبل کے معمار ہیں۔ انہیں بھی وہی تعلیمی ماحول، محفوظ عمارتیں، صاف پانی، مناسب جماعتی کمرے اور جدید تعلیمی وسائل میسر ہونے چاہئیں جو کسی بھی دوسرے سرکاری اسکول کے طلبہ کو حاصل ہیں۔ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو بنیادی سہولتوں کے معاملے میں کسی بھی طرح کی محرومی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔املاپور اور منہلی کے سرکاری اردو اسکولوں میں نئے جماعتی کمروں کی تعمیر کا آغاز ایک مثبت مثال ہے، لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ پیش رفت محض دو اسکولوں تک محدود نہ رہے بلکہ پورے ضلع کے اردو اسکولوں کی بہتری کے لیے ایک جامع مہم کی شکل اختیار کرے۔ محکمۂ تعلیم کو چاہیے کہ وہ اردو اسکولوں کی بنیادی سہولتوں سے متعلق مستند اعداد و شمار جاری کرے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکے کہ کتنے اسکول بنیادی سہولتوں سے آراستہ ہیں اور کتنے اسکول اب بھی حکومتی توجہ کے منتظر ہیں۔ آخر اردو اسکولوں کے طلبہ کو بنیادی سہولتوں کے لیے مزید کتنی مدت انتظار کرنا پڑے گا؟ یہ سوال اب صرف اردو داں طبقے کا نہیں بلکہ حکومت، محکمۂ تعلیم اور عوامی نمائندوں کی جواب دہی کا بھی ہے۔