بیدر۔25 /نومبر۔ کرناٹک اردو اکادمی کے رکن، معروف کالم نگار، ادیب و صحافی محمد امین نواز کی اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات نہ صرف ضلع بیدر بلکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی قابلِ ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بی پاشاہ میموریل ایجوکیشن اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے سرپرست محمد اعظم پاشاہ، معاون معلم و صدر آئیٹا بیدر نے کیا۔ وہ آج ٹرسٹ کے دفتر میں محمد امین نواز کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے سکریٹری محمد سفیان ثاقب نے شال پوشی اور خازن محمد الیاس نے گلپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔محمد امین نواز نے ٹرسٹ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک اردو اکادمی کے اشتراک سے ریاست بھر میں مختلف سماجی و تعلیمی تنظیموں کے تعاون سے کامیاب ادبی و ثقافتی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کوششوں سے بیدر، بسواکلیان اور بھالکی میں کل ہند مشاعروں کا انعقاد عمل میں آیا، اساتذہ کے لیے تربیتی ورکشاپس اور طلبہ و طالبات کے لیے ادبی و ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے۔ جماعت دہم کے امتحان میں مضمونِ اردو میں 125 میں سے 125 نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کو فی کس ایک ہزار روپئے اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں، ان کی تجویز پر کرناٹک اردو اکادمی کے دفتر میں خوشنویسی کی باقاعدہ کلاسیں بھی جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین کرناٹک اردو اکادمی مولانا مفتی محمد علی قاضی کی قیادت میں اکادمی محدود بجٹ کے باوجود اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اردو کی ترقی کے لیے اکادمی اور سماجی و تعلیمی تنظیموں کے باہمی اشتراک کو ناگزیر قرار دیا۔۔۔
